ٹوکیو: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف اپنے سرکاری دورے کے سلسلے میں تھائی لینڈ سے جاپان پہنچی ہیں۔ وہ آج ٹوکیو کے ہونڈا ایئرپورٹ پر اتریں، جہاں ان کا پرتپاک اور گرمجوش استقبال کیا گیا۔
جاپان کے اعلیٰ حکام اور سفارتی اہلکاروں نے وزیراعلیٰ کا استقبال کیا۔ پاکستان کے سفیر برائے جاپان، عبد الحمید، نے بھی مریم نواز شریف اور ان کے وفد کا باوقار خیرمقدم کیا۔
اس موقع پر جاپان میں مقیم پاکستانی برادری کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے وزیراعلیٰ کو اپنے جوش و خروش اور محبت بھرے جذبات کے ساتھ خوش آمدید کہا۔ اوورسیز پاکستانیوں نے اس دورے کو دونوں ممالک کے تعلقات کو مضبوط کرنے اور کمیونٹی کے مسائل کے حل کی طرف ایک مثبت قدم قرار دیا۔
یہ دورہ پنجاب اور جاپان کے درمیان اقتصادی، تعلیمی اور ثقافتی تعاون کو فروغ دینے کے لئے نہایت اہم سمجھا جا رہا ہے۔ دورے کے دوران مریم نواز شریف جاپانی حکام، کاروباری حضرات اور مقامی پاکستانی کمیونٹی سے ملاقاتیں کریں گی۔