Wed, September 16, 2026

یورپی ملک لکسمبرگ فلسطین کو ریاستی حیثیت دینے پر آمادہ

یورپی ملک لکسمبرگ فلسطین کو ریاستی حیثیت دینے پر آمادہ

برسلز: یورپی ملک لکسمبرگ نے فلسطینی ریاست کو باضابطہ طور پر تسلیم کرنے کی تیاری کر لی ہے، جس کا اعلان ممکنہ طور پر رواں ماہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کیا جائے گا۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق، لکسمبرگ کے وزیراعظم لُک فریڈن نے کہا ہے کہ حالیہ مہینوں میں غزہ کی صورتحال نہایت تشویشناک ہو چکی ہے، جس کے پیش نظر دنیا بھر میں دو ریاستی حل کے لیے نئی تحریک جنم لے رہی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ لکسمبرگ عالمی برادری کے ساتھ مل کر فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے والے ممالک کی فہرست میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے۔

تاہم، وزیراعظم لُک فریڈن اور وزیر خارجہ نے پارلیمانی کمیشن کو آگاہ کیا کہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ فرانس، بیلجیئم اور دیگر اتحادی ممالک سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

یہ امر قابل ذکر ہے کہ لکسمبرگ فلسطین کی ریاستی حیثیت کو تسلیم کرنے والا پہلا یورپی ملک نہیں۔ اس سے قبل فرانس، برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا اور بیلجیئم جیسے اہم ممالک بھی فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے اصولی فیصلے کا اعلان کر چکے ہیں۔

تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ اگر مزید ممالک اس سلسلے میں قدم اٹھاتے ہیں، تو یہ اقدام فلسطین کی عالمی سطح پر تسلیم شدہ حیثیت کی مضبوطی کی طرف ایک بڑا قدم ثابت ہو سکتا ہے۔

ٹیگز: