Wed, September 16, 2026

درآمدی ڈیوٹی میں بڑی کمی، وزیراعظم شہباز شریف کا معیشت کو سنبھالنے کیلئے اہم فیصلہ

درآمدی ڈیوٹی میں بڑی کمی، وزیراعظم شہباز شریف کا معیشت کو سنبھالنے کیلئے اہم فیصلہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے، برآمدات کو بڑھانے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو فروغ دینے کے لیے درآمدی ڈیوٹی (ٹیرف) میں واضح اور مرحلہ وار کمی کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس فیصلے کو ایک اہم معاشی سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ فیصلہ نیشنل ٹیرف پالیسی سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں کیا گیا، جس کی صدارت خود وزیراعظم نے کی۔ اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ آئندہ 4 سے 5 برس میں اضافی کسٹمز ڈیوٹی اور ریگولیٹری ڈیوٹی کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا، جبکہ کسٹمز ڈیوٹی کی زیادہ سے زیادہ حد کو 15 فیصد تک محدود کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ اس وقت کئی اشیاء پر یہ شرح 100 فیصد سے بھی تجاوز کر چکی ہے۔

اس اقدام کا مقصد ملک میں صنعتوں کو خام مال اور مشینری سستے داموں فراہم کرنا ہے، تاکہ مقامی پیداوار بڑھے، برآمدات میں اضافہ ہو اور مہنگائی پر قابو پایا جا سکے۔ ساتھ ہی ساتھ، یہ فیصلہ روزگار کے مواقع بڑھانے اور خاص طور پر تعلیم یافتہ نوجوانوں کو نوکریاں فراہم کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ اقدامات صرف ٹیرف کم کرنے تک محدود نہیں بلکہ ایک وسیع معاشی اصلاحاتی منصوبے کا حصہ ہیں، جسے ملکی و غیر ملکی ماہرین کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے۔ وزیراعظم نے واضح کیا کہ معیشت کی بہتری، مہنگائی پر کنٹرول اور روزگار کی فراہمی ان کی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

اس موقع پر ایک عملدرآمد کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے تاکہ فیصلوں پر بروقت اور مؤثر عمل ہو سکے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ اصلاحات نہ صرف صنعتی شعبے کو مضبوط کریں گی بلکہ عالمی سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال کریں گی۔ اجلاس میں وفاقی وزراء جام کمال، احد چیمہ، محمد اورنگزیب، علی پرویز ملک، وزیراعظم کے معاون خصوصی ہارون اختر اور دیگر اعلیٰ حکام شریک ہوئے۔

ماہرین کے مطابق اگر ان فیصلوں پر صحیح طریقے سے عمل درآمد ہوا تو پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری آ سکتی ہے، برآمدات میں اضافہ ممکن ہوگا، اور مقامی صنعتیں عالمی سطح پر بہتر مقابلہ کر سکیں گی۔

ٹیگز: