اسلام آباد : این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک بھر میں 17 سے 25 مارچ تک شدید بارشوں، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے صوبائی انتظامیہ کو ہائی الرٹ رہنے کا حکم دے دیا ہے۔ منگل سے اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، مری اور گوجرانوالہ سمیت بالائی پنجاب میں بادل گرج چمک کے ساتھ برسیں گے۔ بالائی پنجاب میں بعض مقامات پر ژالہ باری (اولے) کا بھی قوی امکان ہے۔
ملتان، بہاولپور، رحیم یار خان اور ڈی جی خان میں بھی تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ کے پی کے کے بیشتر اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ بلوچستان میں 23 مارچ تک موسم آلودہ اور بارش کا امکان رہے گا۔ سندھ میں موسم خشک رہے گا، تاہم کراچی، حیدرآباد اور سکھر میں کہیں کہیں بونداباندی ہو سکتی ہے۔
این ڈی ایم اے نے عوام الناس کے لیے درج ذیل ہنگامی ہدایات جاری کی ہیں۔ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر جانے سے گریز کریں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔ مری، گلیات اور شمالی علاقہ جات کے سیاح اور مسافر غیر ضروری سفر سے پرہیز کریں اور تازہ ترین موسمی صورتحال دیکھ کر نکلیں۔