شنگھائی : نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایک وفد کے ہمراہ چین کے شہر شنگھائی پہنچ گئے، جہاں وہ دو روزہ سرکاری دورے کے دوران مختلف اہم سرگرمیوں میں حصہ لیں گے۔
دورے کے دوران اسحاق ڈار ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کوآپریشن آرگنائزیشن (WAICO) کے قیام سے متعلق معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کریں گے۔ پاکستان اس عالمی تنظیم کے بانی اراکین میں شامل ہوگا اور نائب وزیراعظم ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے معاہدے پر دستخط کریں گے۔
اسحاق ڈار 2026 ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں بھی شریک ہوں گے، جہاں مصنوعی ذہانت کے شعبے میں ہونے والی پیش رفت، عالمی تعاون اور مستقبل کے امکانات پر بات چیت کی جائے گی۔
اپنے دورہ چین کے دوران نائب وزیراعظم مختلف ممالک کے نمائندوں اور ہم منصب شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے، جن میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ، باہمی تعاون کے نئے مواقع اور مشترکہ دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
شنگھائی آمد پر اسحاق ڈار کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ ایئرپورٹ پر شنگھائی میونسپل پارٹی کمیٹی کی قائمہ کمیٹی کے رکن اور نائب میئر وو وے، چین میں پاکستان کے ناظم الامور اعزاز خان اور شنگھائی میں پاکستانی قونصل جنرل شہزاد احمد خان نے ان کا استقبال کیا۔
ذرائع کے مطابق اس دورے کا مقصد پاکستان اور چین کے درمیان جدید ٹیکنالوجی، مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینا اور دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو نئی جہت دینا ہے۔