Wed, September 16, 2026

برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندیاں ختم کر دیں

برطانیہ نے پاکستانی ایئرلائنز پر عائد پابندیاں ختم کر دیں

اسلام آباد: برطانیہ نے بالآخر پاکستانی ایئر لائنز پر عائد سفری پابندیاں ختم کر دی ہیں، جو کئی سال سے نافذ العمل تھیں۔ اب پاکستانی ایئر لائنز دوبارہ برطانیہ کے لیے پروازیں شروع کرنے کی اجازت کے لیے درخواست دے سکتی ہیں۔

پاکستان میں موجود برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد پاکستانی ایئر لائن سے سفر کی خواہش رکھتی ہیں، اور اس فیصلے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی روابط بہتر ہوں گے، جس کا سب سے بڑا فائدہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کو ہوگا جو اپنے خاندانوں سے دوبارہ جلدی اور آسانی سے مل سکیں گے۔

برطانوی ہائی کمیشن کے مطابق یہ فیصلہ ایک آزاد اور تکنیکی جائزے کے بعد کیا گیا ہے۔ تاہم پاکستانی ایئر لائنز کو پروازوں سے قبل یو کے سول ایوی ایشن اتھارٹی (UK CAA) سے اجازت حاصل کرنا ہوگی۔

خیال رہے کہ مئی 2020 میں کراچی میں ہونے والے پی آئی اے طیارہ حادثے کے بعد اس وقت کے وزیر ہوا بازی نے پارلیمنٹ میں انکشاف کیا تھا کہ ملک کے کئی کمرشل پائلٹس کے پاس جعلی لائسنس ہیں۔ اس انکشاف کے بعد جون 2020 میں برطانیہ اور یورپی یونین نے پاکستانی ایئرلائنز کی پروازوں پر پابندی لگا دی تھی۔

کئی سال کی محنت، اصلاحات اور عالمی معیار کے مطابق اقدامات کے بعد پہلے یورپی یونین نے نومبر 2023 میں پابندی ہٹائی، اور اب برطانیہ نے بھی یہ بڑی پابندی ختم کر دی ہے۔

ٹیگز: