برسبین: آسٹریلیا کے شہر برسبین میں ایک خاتون کو اس وقت شدید حیرت اور خوف کا سامنا ہوا جب وہ نیند سے جاگیں اور اپنے بستر پر ڈھائی میٹر لمبا کارپٹ پائتھن (سانپ) دیکھ لیا۔
ریچل بلور نے بتایا کہ ابتدا میں انہیں یہ احساس ہوا کہ بستر پر جو وزن محسوس ہو رہا ہے وہ ان کے پالتو کتے کا ہے۔ لیکن جب انہوں نے کمبل پر ہاتھ رکھا تو نیچے سے کچھ حرکت کرنے لگا۔ اسی لمحے انہیں اندازہ ہوا کہ یہ کوئی جانور نہیں، بلکہ ایک سانپ ہے۔
ریچل فوراً اپنے شوہر کو جگایا اور لائٹس آن کرنے کی درخواست کی۔ جیسے ہی روشنی ہوئی، شوہر نے بستر پر موجود سانپ کو دیکھا اور فوراً ریچل کو متنبہ کیا کہ "پریشانی کی بات ہے، تمہارے اوپر سانپ موجود ہے"۔
شوہر نے فوراً اپنے پالتو کتوں کو کمرے سے باہر نکالا تاکہ وہ محفوظ رہیں، اور خود ریچل کو سانپ کے قریب جانے سے روکا۔ دوسرے کمرے سے شوہر نے ریچل کو آہستہ آہستہ کمبل کے نیچے سے باہر نکلنے کی ہدایت دی۔
ریچل نے احتیاط کے ساتھ بستر سے باہر نکلنے میں کامیابی حاصل کی اور پھر سانپ کو کھڑکی کے راستے باہر نکالنے میں مدد کی۔
ریچل نے یہ بھی بتایا کہ انہوں نے اندازہ لگایا کہ سانپ نے دیوار سے چڑھ کر دوسری منزل تک پہنچنے کی کوشش کی، کھڑکی کا شٹر دھکیلا اور پھر بستر پر آ کر آرام کیا۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ ریچل نے کہا کہ وہ اتنی زیادہ خوفزدہ نہیں ہوئیں کیونکہ وہ ایک دیہی علاقے کی رہائشی ہیں۔ ہنستے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ خوش ہیں کہ یہ سانپ تھا، کیونکہ مینڈک انہیں زیادہ ڈرا دیتے ہیں۔
واقعے کے بعد ریچل اور ان کے اہل خانہ مکمل طور پر محفوظ ہیں، لیکن یہ ان کی زندگی کا سب سے عجیب اور ناقابل یقین تجربہ بن چکا ہے۔