بہاولپور :سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے چولستان جیپ ریلی کے موقع پر کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کی بدولت پنجاب میں ثقافتی اور سیاحتی سرگرمیوں کے ذریعے رونقیں واپس آ رہی ہیں۔ انہوں نے لاہور میں بسنت کے دوبارہ انعقاد اور چولستان جیپ ریلی جیسے ایونٹس کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان سرگرمیوں سے نہ صرف ثقافت کا تحفظ ہو رہا ہے بلکہ یہ مقامی معیشت اور روزگار کے مواقع بھی بڑھا رہے ہیں۔
مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کی خواہش تھی کہ لاہور اور پنجاب میں بسنت دوبارہ منائی جائے تاکہ مقامی ثقافت کو فروغ ملے۔ چولستان جیپ ریلی میں دیگر ممالک کے ڈرائیورز کی شرکت اس ایونٹ کی عالمی سطح پر اہمیت کو ظاہر کرتی ہے، اور اس سے چولستان کی سیاحت کو بھی فائدہ ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دراوڑ فورٹ جیسے تاریخی مقامات کی بحالی اور اس خطے کی ترقی کے لیے کیے جانے والے اقدامات وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کا حصہ ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نوجوانوں کو اپنی ثقافت سے جوڑنے کے لیے کوششیں کر رہی ہے اور بسنت جیسے ایونٹس اس کا عمدہ نمونہ ہیں۔
صوبائی وزیر نے یہ بھی اعلان کیا کہ اگلے سال چولستان جیپ ریلی میں وزیراعلیٰ مریم نواز خود شرکت کریں گی اور اس ایونٹ کے لیے قانون سازی کا عمل شروع ہو چکا ہے تاکہ شرکاء کو مکمل تحفظ فراہم کیا جا سکے