اسلام آباد: امریکی جریدے ’دی ڈپلومیٹ‘ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں 2021 میں چھوڑا گیا امریکی فوجی سازوسامان پاکستان میں شدت پسندوں کے ہاتھ لگا اور دہشت گردی میں اضافے کا باعث بنا۔
رپورٹ کے مطابق، تقریباً 7.1 ارب ڈالر کا اسلحہ افغانستان میں رہ گیا، جس میں 4 لاکھ 27 ہزار ہلکے ہتھیار، نائٹ ویژن اور تھرمل آلات شامل تھے۔ طالبان نے اس کا کم از کم نصف حصہ گم یا لاپتہ ہونے کی اطلاع دی ہے۔
یہ اسلحہ شدت پسند گروہوں تک پہنچ گیا، جس سے پاکستان میں ٹی ٹی پی کے حملوں کی شدت اور مہارت میں اضافہ ہوا ہے۔ امریکی اور پاکستانی حکام کا کہنا ہے کہ اسلحہ کی ٹریکنگ اور غیر قانونی منڈیوں کے خلاف کارروائی خطے کے امن کے لیے ضروری ہے۔