تہران : پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اپنے دورۂ ایران کے دوسرے روز ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف سے اہم ملاقات کی ہے۔ تہران میں ہونے والی اس ملاقات میں علاقائی صورتحال اور پاک ،ایران دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تفصیلی مشاورت کی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق، فیلڈ مارشل کا یہ دورہ ایک اہم سفارتی مشن ہے جس کا مقصد امریکا اور ایران کے درمیان جاری ثالثی کی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔ اس حساس اور اہم دورے میں وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی بھی ان کے ہمراہ ہیں، جو خطے میں امن کے قیام کے لیے پاکستانی قیادت کی سنجیدگی کو ظاہر کرتا ہے۔
گزشتہ روز ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی سے ہونے والی ملاقات میں ایرانی قیادت نے پاکستان کے کردار کو بھرپور سراہا تھا۔ عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی میزبانی اور امن کی کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔ تہران اور اسلام آباد کے درمیان خطے میں استحکام کے لیے عزم مشترک ہے۔ موجودہ ملاقاتیں دونوں برادر ممالک کے گہرے اور لازوال تعلقات کی عکاسی کرتی ہیں۔
سفارتی حلقوں کا کہنا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کا یہ دورہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان برف پگھلانے میں انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ پاکستان کی جانب سے ثالثی کا یہ کردار نہ صرف مشرقِ وسطیٰ میں استحکام لائے گا بلکہ خطے کو ایک بڑے تنازع سے بچانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔