Wed, September 16, 2026

مالدیپ کی اسرائیلی پاسپورٹ کے حامل افراد کی ملک میں داخلے پر پابندی

مالدیپ کی اسرائیلی پاسپورٹ کے حامل افراد کی ملک میں داخلے پر پابندی

مالے : مالدیپ نے فلسطینی عوام سے یکجہتی کے طور پر ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے اسرائیلی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔ یہ فیصلہ مالدیپ کی پارلیمنٹ کی جانب سے بل کی منظوری کے بعد کیا گیا، جس پر صدر محمد معیزو نے بھی دستخط کر دیے۔ پابندی فوری طور پر نافذ ہو گئی ہے۔

صدر کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اقدام اسرائیل کی جانب سے غزہ میں کی جانے والی "ظالمانہ کارروائیوں" کی شدید مذمت کے طور پر اٹھایا گیا ہے۔ نئے قانون کے مطابق اب اسرائیلی پاسپورٹ ہولڈرز مالدیپ میں داخل نہیں ہو سکیں گے، تاہم اگر کسی فرد کے پاس دوہری شہریت ہے تو وہ دوسرے ملک کے سفری کاغذات کے ذریعے داخل ہو سکتا ہے۔

یہ تجویز سب سے پہلے مئی 2024 میں اپوزیشن کے رکن پارلیمنٹ میکائل احمد نسیم نے پیش کی تھی، جسے سیکیورٹی سروسز کمیٹی کی منظوری کے بعد تقریباً دس ماہ بعد پارلیمنٹ سے منظور کیا گیا۔

اس کے ساتھ ساتھ صدر معیزو نے فلسطینی عوام کی امداد کے لیے ایک خصوصی ایلچی مقرر کرنے اور "فلسطین سے یکجہتی" کے عنوان سے ملک بھر میں فنڈ ریزنگ مہم شروع کرنے کا بھی اعلان کیا ہے۔

ٹیگز: