لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پیر کے روز میانوالی اور مظفرگڑھ کا ایک روزہ دورہ کریں گی، جس دوران وہ شہری ٹرانسپورٹ اور سیلاب متاثرین کی بحالی سے متعلق اہم منصوبوں کا افتتاح اور معائنہ کریں گی۔
میانوالی میں وزیراعلیٰ جدید الیکٹرک بس سروس کا افتتاح کریں گی۔ منصوبے کے تحت پہلے مرحلے میں 15 الیکٹرک بسیں سڑکوں پر اتاری جائیں گی، جو نہ صرف ماحولیاتی آلودگی میں کمی لائیں گی بلکہ شہریوں کو معیاری سفری سہولت بھی فراہم کریں گی۔
بعد ازاں، مریم نواز مظفرگڑھ کے علاقے علی پور کا دورہ کریں گی، جہاں وہ ایک مقامی سکول میں قائم فلڈ ریلیف کیمپ کا معائنہ کریں گی۔ وزیراعلیٰ متاثرہ افراد سے ملاقات کر کے ان کی ضروریات اور مسائل سے آگاہی حاصل کریں گی۔
حکام کی جانب سے وزیراعلیٰ کو ریسکیو اور ریلیف آپریشن سے متعلق بریفنگ دی جائے گی، جس میں اب تک کی پیشرفت اور درپیش چیلنجز پر روشنی ڈالی جائے گی۔
وزیراعلیٰ کا یہ دورہ انتظامی سرگرمیوں کے مؤثر جائزے اور فیلڈ میں حکومتی کارکردگی کے مشاہدے کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔