لاہور : لاہور اور کراچی میں منشیات کا جال پھیلانے والی انمول عرف پنکی کے خلاف گھیرا تنگ کرنے میں نیو نیوز سب سے آگے نکل گیا ہے۔ تفتیشی اداروں کے ذرائع سے حاصل ہونے والی خصوصی معلومات کے مطابق، نیو نیوز نے پنکی کے کوکین نیٹ ورک کے انتہائی اہم مہروں کی تصاویر اور تفصیلات حاصل کر لی ہیں۔ دوسری جانب، ریکارڈ کی چھان بین کے دوران ملزمہ کے خلاف لاہور میں ایک اور مقدمے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد اس کے خلاف درج کل مقدمات کی تعداد 5 ہو چکی ہے۔
تفتیشی ذرائع کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، انمول پنکی خود پسِ پردہ رہ کر ان تین قریبی اور بااعتماد ساتھیوں کے ذریعے کوکین سپلائی کرتی تھی۔ محمد ناصر، جو بین الصوبائی ترسیل اور سپلائی چین کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ عین اللہ، جسے تفتیشی حکام پنکی کا سب سے قریبی اور مالیاتی امور کا پارٹنر قرار دے رہے ہیں۔ صابراں بی بی جو لاہور کی ہائی پروفائل مارکیٹ میں کوکین کی براہِ راست ڈلیوری کرتی تھی۔
پولیس کے مطابق ملزمہ کا مجرمانہ ریکارڈ دو دہائیوں سے زیادہ پرانا ہے۔ سن 2004 میں لاہور کے تھانہ وحدت کالونی میں ملزمہ صابراں بی بی کو رنگے ہاتھوں گرفتار کیا گیا تھا۔ صابراں بی بی کے قبضے سے 20 گرام اعلیٰ معیار کی کوکین ملی تھی۔ صابراں بی بی نے دورانِ تفتیش اگل دیا تھا کہ یہ مال وہ خود نہیں بناتی، بلکہ یہ منشیات اس نے کراچی جا کر 'انمول عرف پنکی' سے خریدی تھی تاکہ اسے لاہور میں سپلائی کیا جا سکے۔