لاہور: پاکستان کے معتبر نیوز چینل نیو نیوز کو آج 10 سال مکمل ہو گئے۔ 15 مئی 2015 کو شروع ہونے والا یہ سفر آج ایک دہائی پر محیط ہو چکا ہے، جس میں چینل نے ہمیشہ سچائی، غیرجانبداری اور پیشہ ورانہ صحافت کو فروغ دیا۔
نیو نیوز نے نہ صرف ہر بڑی خبر بروقت ناظرین تک پہنچائی بلکہ مظلوموں کی آواز بن کر ان کے مسائل بھی اجاگر کیے۔ ہر قومی اہمیت کے واقعے پر ذمہ دارانہ رپورٹنگ اور درست معلومات فراہم کرنا نیو نیوز کی پہچان بن چکی ہے۔
چینل کی خاص بات اس کا ملک بھر میں پھیلا ہوا وسیع نیٹ ورک اور تجربہ کار صحافیوں کی ٹیم ہے، جو دن رات محنت کر کے خبریں سب سے پہلے پہنچانے کا فریضہ انجام دیتی ہے۔ چاہے سیکیورٹی آپریشن ہو یا کوئی سیاسی پیش رفت، نیو نیوز نے ہمیشہ خبر پر گرفت برقرار رکھی۔
نیوز روم سے لے کر ٹاک شوز تک، نیو نیوز نے معروف تجزیہ کاروں اور بے باک صحافیوں کی موجودگی میں حالاتِ حاضرہ کو سمجھنے اور سمجھانے کا بہترین موقع دیا۔ نیو نیوز کا عزم ہے کہ یہ سفر صرف 10 سال تک محدود نہیں سچ، اصول اور عوامی بھروسے کے ساتھ یہ مشن آگے بھی جاری رہے گا۔