Wed, September 16, 2026

نواز شریف ملک کی خاطر جیل جا سکتے ہیں، نقصان نہیں پہنچا سکتے: گورنر سندھ نہال ہاشمی

نواز شریف ملک کی خاطر جیل جا سکتے ہیں، نقصان نہیں پہنچا سکتے: گورنر سندھ نہال ہاشمی

کراچی: گورنر سندھ نہال ہاشمی نے کہا ہے کہ کراچی اور صوبہ سندھ کے خلاف کوئی بھی منفی بات برداشت نہیں کی جائے گی اور عوامی مفاد میں تمام متعلقہ شعبوں کا مکمل آڈٹ کرایا جائے گا۔کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے واضح کیا کہ ان کا مقصد صوبے میں شفافیت اور تعمیر و ترقی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  مجھ پر تنقید کرنے والے لوگ مجھے برے نہیں لگتے، بلکہ ان کی باتوں سے اصلاح کا پہلو نکلتا ہے۔
 گورنر نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ شہرِ قائد کے خلاف کسی بھی قسم کی منفی بیان بازی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے صوبائی امور میں بہتری لانے کے لیے آڈٹ کرانے کا عندیہ دے دیا تاکہ وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
 نہال ہاشمی نے میاں نواز شریف کی حب الوطنی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نے ہمیشہ ملک کی خاطر قربانیاں دیں، وہ قید و بند کی صعوبتیں تو برداشت کر سکتے ہیں لیکن ملکی مفاد پر سمجھوتہ نہیں کر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کی خوشحالی کے لیے نواز شریف ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں اور وفاق صوبے کی ترقی کے لیے سنجیدہ ہے۔
گورنر سندھ نے مزید کہا کہ آج وہ جس منصب پر فائز ہیں، یہ ان کے قائدین کی سیاسی بصیرت اور کارکنوں کی بے لوث قربانیوں کا نتیجہ ہے۔

ٹیگز: