Wed, September 16, 2026

صدر اور وزیراعظم کا اسلاموفوبیا کے عالمی دن پر اظہار خیال

صدر اور وزیراعظم کا اسلاموفوبیا کے عالمی دن پر اظہار خیال

اسلام آباد : اسلاموفوبیا کے تدارک کے عالمی دن پر صدر مملکت اور وزیراعظم نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور تعصب کو ختم کرنا ضروری ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ اسلام امن، انصاف اور ہمدردی کا دین ہے، اور اسے انتہا پسندی سے جوڑنا لاعلمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو نفرت انگیز جرائم کے خلاف مضبوط قوانین بنانے چاہیے اور اظہار رائے کا غلط استعمال نفرت پھیلانے کے لیے نہیں ہونا چاہیے۔ صدر نے مذہبی رواداری اور مختلف مذاہب کے احترام کی ضرورت پر زور دیا اور کرائسٹ چرچ سانحہ کو انسانیت کے لیے صدمہ قرار دیا۔

صدر زرداری نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی معاشروں کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، اور مسلمانوں کے خلاف تعصب ان کے تحفظ کو متاثر کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں اقلیتوں کو مساوی حقوق دیے جا رہے ہیں اور نیشنل کمیشن فار منارٹیز رائٹس ایکٹ 2025 نافذ ہو چکا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج کا دن دنیا بھر میں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف تعصب کے خاتمے کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مہذب معاشرے عقائد کی بنیاد پر انسانی حقوق میں فرق نہیں کرتے، اور پاکستان ہر صورت اسلاموفوبیا کی مذمت کرتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ اسلام سب کے لیے امن اور آشتی کا پیغام دیتا ہے اور پاکستان بین الاقوامی سطح پر مذہبی رواداری اور مسلمانوں کے تحفظ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

ٹیگز: