Wed, September 16, 2026

سندھ میں پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی نافذ، خلاف ورزی پر سخت سزاؤں کا عندیہ

سندھ میں پلاسٹک بیگز پر مکمل پابندی نافذ، خلاف ورزی پر سخت سزاؤں کا عندیہ

کراچی :سندھ حکومت نے ماحولیاتی تحفظ کے لیے ایک بڑا قدم اٹھاتے ہوئے صوبے بھر میں پلاسٹک شاپنگ بیگز کے استعمال، تیاری، فروخت اور ترسیل پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے، جو آج سے نافذ العمل ہے۔

محکمہ ماحولیات کے سیکرٹری آغا شاہنواز نے کہا ہے کہ تمام فیکٹری مالکان، تھوک فروش اور دکاندار فوری طور پر پلاسٹک بیگز کا کاروبار بند کر دیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس پابندی سے متعلق پہلے ہی شعور بیدار کرنے کی مہم چلائی گئی، وارننگز دی گئیں اور کاروباری طبقے کو مہلت فراہم کی گئی تھی، مگر اب مزید کوئی گنجائش نہیں رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ پلاسٹک بیگز کی تیاری، ترسیل یا استعمال کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے گا، جس میں بھاری جرمانے، گرفتاریاں اور فیکٹریوں کی بندش جیسے اقدامات شامل ہوں گے۔

آغا شاہنواز نے واضح کیا کہ یہ فیصلہ محض علامتی نہیں بلکہ اس پر سختی سے عملدرآمد کے لیے تمام متعلقہ اداروں کو احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔

یاد رہے کہ پلاسٹک شاپنگ بیگز ماحولیاتی آلودگی، نکاسی آب کے نظام میں رکاوٹ اور جنگلی و آبی حیات کے لیے شدید خطرہ بن چکے ہیں، جن کے خاتمے کے لیے دنیا بھر میں سنجیدہ اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ٹیگز: