لاہور : پنجاب میں بلیو اکانومی کے حوالے سے ایک اہم قدم اُٹھایا گیا ہے، جہاں اب جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے جھینگوں کی افزائش کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اعلان کیا کہ اس منصوبے کے تحت 100 ایکڑ زمین پر جھینگوں کی افزائش کے کامیاب تجربے کے بعد یہ صنعت اب مکمل طور پر شروع ہو چکی ہے، جو صوبے کی معیشت کے لیے ایک بڑی پیش رفت ہے۔
اس منصوبے میں ایک مکمل ویلیو چین قائم کی گئی ہے، جس میں جدید ہیچریز، ایکوا مالز، پروسیسنگ پلانٹس، کولڈ سٹوریج کی سہولتیں اور ایک مربوط ٹرانسپورٹ نظام شامل ہے۔ اس سے جھینگوں کی پیداوار سے لے کر برآمدات تک سب کچھ خود مختار اور منظم طریقے سے ہوگا۔
مریم نواز نے مزید بتایا کہ مارچ 2026 تک مظفرگڑھ اور سرگودھا میں 5,300 ایکڑ اراضی پر جھینگا سٹیٹس بنائے جائیں گے، اور اس منصوبے کو عالمی سطح کے ماہرین کی معاونت سے تیار کیا گیا ہے، جن میں متحدہ عرب امارات، سعودی عرب، تھائی لینڈ، ایکواڈور، آسٹریلیا اور میکسیکو کے ماہرین شامل ہیں۔
اس وقت منصوبے کی مشینری سائٹ پر موجود ہے اور کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ مزید 2,600 ایکڑ اراضی کی فیزیبلٹی اسٹڈی بھی جاری ہے۔ اگلے سال کے آغاز تک کسانوں کے لیے اس منصوبے کو حتمی شکل دے دی جائے گی۔