غزہ: فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس نے آج یومِ غضب منانے کا اعلان کیا ہے۔ حماس کا کہنا ہے کہ یہ دن غزہ کے مظلوم عوام سے یکجہتی اور اسرائیلی جارحیت و انضمامی منصوبوں کے خلاف احتجاج کے طور پر منایا جا رہا ہے۔
حماس کے رہنماؤں نے فلسطینی عوام، تمام مزاحمتی گروپوں اور سول سوسائٹی سے اپیل کی ہے کہ وہ متحد ہو کر سڑکوں پر نکلیں، اور غزہ میں جاری جنگ، ناکہ بندی، بھوک اور بدترین حالات کے خلاف آواز بلند کریں۔ ان کا کہنا ہے کہ عوامی اتحاد اور مسلسل مزاحمت سے اسرائیل کے منصوبوں کو ناکام بنایا جا سکتا ہے۔
ادھر غزہ پر اسرائیل کی بمباری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ تازہ حملوں میں 54 فلسطینی شہید اور 831 زخمی ہو گئے ہیں۔ شہدا میں وہ 10 شہری بھی شامل ہیں جو امداد کے انتظار میں تھے۔ غزہ کے زیتون محلے میں ایک گھر پر حملے میں 8 افراد شہید ہوئے ہیں جبکہ کئی زخمی ہیں۔
غزہ میں مسلسل حملوں، محاصرے اور بنیادی سہولیات کی کمی نے انسانی بحران کو سنگین کر دیا ہے۔ حماس نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے ساتھ عملی یکجہتی دکھائے اور اسرائیلی جارحیت کے خلاف آواز بلند کرے۔