Wed, September 16, 2026

وزیراعظم شہباز شریف کاآپریشن " بنیان المرصوص " کی کامیابی پر آج یومِ تشکر منانے کا اعلان

وزیراعظم شہباز شریف کاآپریشن

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آپریشن "بنیان مرصوص" کی کامیابی اور دشمن کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر آج ملک بھر میں "یومِ تشکر" منانے کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ دن اللہ تعالیٰ کے حضور شکر ادا کرنے، افواجِ پاکستان کی بہادری کو سلام پیش کرنے اور پوری قوم کے جذبے کو سراہنے کے لیے منایا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نے اپنے بیان میں کہا کہ دشمن نے جارحیت کی کوشش کی لیکن پاکستان نے نہایت دانائی، صبر اور مکمل تیاری کے ساتھ دفاع کیا اور ہر محاذ پر کامیابی حاصل کی۔ ان کے مطابق یہ کامیابی اللہ تعالیٰ کے فضل اور قوم کی یکجہتی کا نتیجہ ہے۔

شہباز شریف نے علمائے کرام اور عوام سے اپیل کی ہے کہ آج ملک بھر میں اجتماعی دعاؤں اور نوافل کا اہتمام کیا جائے، اللہ کا شکر ادا کیا جائے اور ان شہداء و غازیوں کے لیے دعا کی جائے جنہوں نے ملک کی خاطر قربانیاں دیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ افواجِ پاکستان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، اور پوری قوم اپنے سپاہیوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔

ٹیگز: