لاہور : فلکیات کے دیوانے اگلے ہفتے ایک خوبصورت منظر دیکھنے والے ہیں، جب 20 اگست کو آسمان پر بیک وقت چھ سیارے نظر آئیں گے۔ ایسا نظارہ سال میں ایک یا دو بار ہوتا ہے، اور اس سے پہلے فروری میں سات سیارے ایک ساتھ نظر آئے تھے، جسے پلانیٹ پریڈ کہا جاتا ہے۔
ان چھ سیاروں میں عطارد، زہرہ، مشتری، زحل، یورینس اور نیپچون شامل ہیں۔ اگرچہ مریخ بھی رات کے شروع میں دکھائی دے گا، مگر وہ سورج غروب ہوتے ہی افق کے نیچے چلا جائے گا، اس لیے باقی سیاروں کے ساتھ اسے دیکھنا ممکن نہیں ہوگا۔
عطارد، زہرہ اور مشتری کو بغیر دوربین کے بھی آسانی سے دیکھا جا سکتا ہے، لیکن یورینس، نیپچون اور زحل دیکھنے کے لیے دوربین یا ٹیلی اسکوپ کی ضرورت پڑے گی۔ یہ سیارے زیادہ تر مشرقی اور جنوبی افق پر جوڑوں کی صورت میں نظر آئیں گے، جس کی وجہ سے ان کی پہچان آسان ہو جائے گی۔
عطارد طلوع آفتاب سے پہلے مشرقی آسمان پر چمکے گا، زہرہ اور مشتری بھی قریب قریب دکھائی دیں گے، جبکہ زحل اور نیپچون جنوبی افق کے پاس ساتھ ساتھ ہوں گے۔
ماہرین فلکیات کہتے ہیں کہ سیاروں کی ایسی قطار آسمان کی خوبصورتی اور نظام شمسی کی وسعت کو سمجھنے کا ایک نرالا موقع ہوتا ہے۔