جارجیا: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے جارجیا یونیورسٹی میں طلبہ اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ تہران اور واشنگٹن کے درمیان جاری مذاکرات تاریخ کے اہم ترین موڑ پر پہنچ چکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کسی عارضی سمجھوتے کے بجائے ایک ایسے "جامع معاہدے" پر نظریں جمائے ہوئے ہیں جو عالمی امن کی ضمانت بن سکے۔
جے ڈی وینس کے مطابق گزشتہ 49 برسوں میں یہ پہلا موقع ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اتنے بلند درجے کی سفارت کاری دیکھی گئی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ امریکہ ایک ایسی ڈیل چاہتا ہے جو ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول اور ریاستی دہشت گردی سے مکمل طور پر روک دے، جس کے بدلے ایرانی عوام کو عالمی معیشت میں واپسی کا موقع ملے گا۔نائب صدر نے ایک بار پھر اسلام آباد میں ہونے والی پیش رفت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اگرچہ جامع ڈیل ابھی باقی ہے، لیکن پاکستان کی مخلصانہ کوششوں سے جنگ بندی کا برقرار رہنا ایک بڑی کامیابی ہے۔
جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ "ہم ابھی مذاکرات میں جس پوزیشن پر ہیں، میں اس سے مطمئن ہوں، لیکن اعتماد کی مکمل بحالی کے لیے ابھی مزید ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے۔