اسلام آباد : اسلام آباد میں پہلی بار اوورسیز پاکستانیوں کے لیے ایک بڑا اور یادگار سالانہ کنونشن منعقد کیا گیا، جس میں دنیا بھر سے آئے ہوئے پاکستانیوں نے شرکت کی۔ اس کنونشن کا مقصد بیرونِ ملک رہنے والے پاکستانیوں کی قربانیوں اور خدمات کو سراہنا تھا، جو برسوں سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کر رہے ہیں۔
تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، دیگر وزراء، سینیٹرز اور اہم حکومتی شخصیات بھی شریک ہوئیں۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا اور ایک خصوصی ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی جس میں اوورسیز پاکستانیوں کی جدوجہد اور کامیابیوں کو پیش کیا گیا۔
اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن کے چیئرمین سید قمر رضا نے کہا کہ دنیا کے 160 ممالک میں ایک کروڑ 20 لاکھ سے زائد پاکستانی موجود ہیں، جو ہمارے ملک کے اصل سفیر ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس کنونشن کے انعقاد میں آرمی چیف نے بھرپور تعاون کیا اور شرکاء کے اعزاز میں ظہرانے کا انتظام بھی انہی کی جانب سے کیا گیا۔
وزیراعظم نے کنونشن کے لیے خصوصی وقت دیا اور ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی بھی بنائی گئی جو اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کو حل کرنے میں مدد دے گی۔