رحووت : اسرائیل کے شہر رحووت میں آج مظاہرین نے وزیر ماحولیات ایدیت سِلمان کے گھر کے باہر ایک منفرد انداز میں احتجاج کیا۔ انہوں نے سڑک پر خمیری روٹیاں رکھ کر ان سے "ایک روٹی روزانہ" کا جملہ لکھا، جو غزہ میں قید اسرائیلی یرغمالیوں کی حالت زار کی جانب اشارہ تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق، غزہ میں اسرائیلی یرغمالیوں کو کھانے کے لیے صرف ایک روٹی ملنے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ اسی تناظر میں مظاہرین نے یہ پیغام دے کر حکومت کو یاد دلایا کہ یرغمالیوں کی زندگی خطرے میں ہے اور ان کی رہائی کے لیے فوری اقدامات ضروری ہیں۔
یہ احتجاج اس وقت ہوا جب یہودیوں کا مذہبی تہوار "پاس اوور" جاری ہے، جس میں خمیری روٹی کھانا ممنوع سمجھا جاتا ہے۔ مظاہرین نے اسی مذہبی علامت کو چیلنج کے طور پر استعمال کیا تاکہ حکومت اور عوام کی توجہ یرغمالیوں کی حالت پر مرکوز کی جا سکے۔ تاہم، وزیر ایدیت سلمان نے اس احتجاج پر سخت ردعمل دیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر مظاہرین کو "گھٹیا لوگ" کہا اور لکھا کہ یہ حرکت نہ یرغمالیوں کے لیے ہے، نہ جمہوریت یا سیاست کے لیے — بلکہ تہذیب سے گری ہوئی حرکت ہے۔
دوسری جانب، عرب میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل میں حکومت اور عوام کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی ہے۔ ایک طرف یرغمالیوں کے اہل خانہ اور امن کے حامی لوگ ہیں، جو جنگ بندی چاہتے ہیں، جبکہ دوسری طرف سخت گیر وزرا ہیں، جو تنقید کرنے والوں کو مسلسل نشانہ بنا رہے ہیں۔