کراچی:سینئر وزیر سندھ شرجیل انعام میمن نے ایم کیو ایم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے آج بھی اپنی پرانی روایت برقرار رکھی، بات سنے بغیر شور شرابہ کیا اور ایوان سے چلی گئی۔
میڈیا سے گفتگو میں شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم بلدیاتی انتخابات سے بھی بھاگ گئی تھی، کیونکہ اسے اندازہ تھا کہ عوام میں اس کی کوئی مقبولیت نہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کی موجودہ کارکردگی صفر ہے۔ شرجیل میمن نے مصطفیٰ کمال اور خالد مقبول صدیقی کے ماضی کے بیانات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ کمال اپنی ہی جماعت کے رہنما خالد مقبول صدیقی کو ’’را‘‘ کا ایجنٹ قرار دیتے رہے ہیں، لیکن آج دونوں وفاقی کابینہ کا حصہ ہیں۔
سینئر وزیر سندھ نے کہا کہ اگر ایک دوسرے کے خلاف دیے گئے بیانات غلط تھے تو دونوں رہنماؤں کو عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔