Wed, September 16, 2026

 وزیراعظم فیول ریلیف سکیم، وفاقی وزرا نے تفصیلات بتادیں

 وزیراعظم فیول ریلیف سکیم، وفاقی وزرا نے تفصیلات بتادیں

اسلام آباد:وفاقی وزرا شزہ فاطمہ، عطا تارڑ اور علی پرویز ملک نے وزیراعظم فیول ریلیف سکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت نے موجودہ حالات میں کمزور طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کیلئے خصوصی پیکیج متعارف کرایا ہے۔

 وفاقی وزیر شزہ فاطمہ نے کہا کہ وزیراعظم نے غریب اور کم آمدن والے طبقے کیلئے پٹرولیم مصنوعات پر خصوصی ریلیف کا اعلان کیا ہے۔ اسکیم کے تحت موٹر سائیکل سواروں اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو 100 روپے فی لیٹررعایت دی جائے گی۔

 انہوں نے بتایا کہ موٹر سائیکل سواروں کیلئے ماہانہ 20 لیٹر جبکہ 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کیلئے ماہانہ 30 لیٹر فیول پر ریلیف دیا جائے گا۔ حکومت کی کوشش ہے کہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے مستفید ہوں۔

 شزہ فاطمہ کے مطابق پروگرام میں رجسٹریشن کیلئے شہری9711 پر پیغام بھیجیں۔ رجسٹریشن کے دوران نام، گاڑی کا پلیٹ نمبر اور صوبے کا اندراج لازمی ہوگا، جبکہ ریلیف کے حصول کیلئے گاڑی یا موٹر سائیکل کا اپنے نام پر ہونا ضروری ہے۔

 وفاقی وزیر نے کہا کہ رجسٹریشن کے بعد9771 پر پیغام بھیج کر ٹوکن حاصل کرنا ہوگا۔ پٹرول پمپ پر ریلیف حاصل کرنے کیلئے 9771 سے موصول ہونے والا ٹوکن دکھانا ضروری ہوگا۔ شہری ٹوکن نمبر کی حفاظت کریں اور کسی کے ساتھ شیئر نہ کریں۔

 انہوں نے خبردار کیا کہ حکومت پاکستان شہریوں سے کبھی بھی ٹوکن نمبر سے متعلق معلومات طلب نہیں کرے گی، اس لیے جعلسازی اور فراڈ سے بچنے کیلئے محتاط رہنا ہوگا۔

 وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم نے عام آدمی کی مشکلات کا احساس کرتے ہوئے فیول ریلیف اسکیم کا اجرا کیا ہے۔ موٹر سائیکل سواروں اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان کو اس اسکیم کے ذریعے ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

 وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال سب کے سامنے ہے اور حکومت معاملات کو حل کرنے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے۔ کمزور طبقے کی مدد کیلئے وزیراعظم نے فیول ریلیف اسکیم شروع کی ہے۔

 انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی توانائی کی ضروریات کا 90 فیصد درآمد کرتا ہے، تاہم حکومت عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ موجودہ حالات میں سب کو اپنے وسائل کے مطابق اخراجات کرنا ہوں گے۔

 علی پرویز ملک نے مزید کہا کہ وزیراعظم نے عوام کو130 ارب روپے کی سبسڈی دی ہے، جبکہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ کسی صورت رکنے کا نام نہیں لے رہی۔

ٹیگز: