Wed, September 16, 2026

اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج

اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس دھماکے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج

اسلام آباد: جوڈیشل کمپلیکس کے باہر ہونے والے دھماکے کا مقدمہ تھانہ کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) میں درج کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، یہ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کے مختلف سیکشنز کے تحت درج کیا گیا ہے، جس میں قتل، اقدامِ قتل اور دیگر سنگین دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر میں دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والوں اور زخمیوں کی تفصیلات درج کی گئی ہیں، اور اس میں دھماکے سے پیدا ہونے والے خوف و ہراس اور گاڑیوں کو ہونے والے نقصان کا ذکر بھی کیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اور دھماکے کی جگہ سے حاصل ہونے والے شواہد کو فرانزک ٹیموں کے حوالے کیا گیا ہے۔

اسلام آباد کچہری دھماکے میں جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی میتیں پوسٹ مارٹم اور دیگر ضابطے کی کارروائی کے بعد ان کے ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔ پمز ہسپتال کے ذرائع کے مطابق، دھماکے میں زخمی ہونے والے 13 افراد ابھی بھی زیر علاج ہیں، جن میں سے ایک کی حالت نازک ہے۔ 36 زخمیوں کو پمز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔پمز انتظامیہ نے وکیل زبیر اسلم گھمن کی میت بھی ان کے ورثاء کے حوالے کر دی ہے۔

واضح رہے کہ یہ دھماکہ افغان اور بھارتی پراکسیوں کی جانب سے اسلام آباد کو نشانہ بنانے کی کوشش کا حصہ تھا، جس میں پولیس کی گاڑی کو خودکش حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ اس دھماکے میں 12 افراد شہید اور 36 زخمی ہوئے۔

ٹیگز: