کراچی : عوام اور خریداروں کے لیے صرافہ بازار سے بڑی خبر آگئی ہے۔ عالمی منڈی کے زیرِ اثر مقامی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ تھم نہ سکا، اور فی تولہ سونا ساڑھے چار لاکھ سے زائد کی ریکارڈ سطح پر برقرار رہتے ہوئے مزید مہنگا ہو گیا ہے۔
جیولرز برادری کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق 24 قیراط فی تولہ سونا 1,000 روپے کے اضافے کے بعد 4 لاکھ 92 ہزار 362 روپے کا ہو گیا ہے۔ 10 گرام سونا قیمت میں 858 روپے کا اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد اب یہ 4 لاکھ 22 ہزار 121 روپے میں فروخت ہو رہا ہے۔
سونے کی دیکھا دیکھی چاندی کی قیمت کو بھی پر لگ گئے ہیں۔ صرافہ بازار میں فی تولہ چاندی 65 روپے مہنگی ہو کر 9,204 روپے کی سطح پر پہنچ چکی ہے۔کاروباری ماہرین کا کہنا ہے کہ ملکی تاریخ کی ان بلند ترین قیمتوں کی اصل وجہ بین الاقوامی مارکیٹ کی صورتحال ہے۔ انٹرنیشنل مارکیٹ میں فی اونس سونا 10 ڈالر کی اڑان بھرنے کے بعد 4,700 ڈالر کی ریکارڈ سطح پر بند ہوا، جس کے براہِ راست اثرات پاکستان کی صرافہ مارکیٹ پر پڑے ہیں۔