اسلام آباد : وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ترکیہ کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ اور خالص برادرانہ تعلقات پر ہمیں فخر ہے۔ انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان کی طرف سے پاکستان کی غیر مشروط حمایت اور محبت پر دلی شکریہ ادا کیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں وزیراعظم نے ترک صدر کو اپنا "قیمتی بھائی" کہنے پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ،
"ترکی اور پاکستان کے درمیان جو رشتہ ہے، وہ وقت اور آزمائشوں میں مزید مضبوط ہوا ہے۔ ہر نیا چیلنج ہماری دوستی کو نئی طاقت دیتا ہے۔"
وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ کی قیادت ہمیشہ پاکستان کے ساتھ مخلص رہی ہے اور صدر اردوان نے جس خلوص سے ہمارا ساتھ دیا ہے، وہ قابلِ ستائش ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ، "ہم دل سے چاہتے ہیں کہ پاکستان اور ترکی کے درمیان تعلقات مزید گہرے ہوں، اور ہم مل کر اپنے عوام کے لیے ایک روشن، خوشحال اور پرامن مستقبل کی بنیاد رکھیں۔"
واضح رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے اپنے حالیہ بیان میں کہا تھا کہ ترکیہ ہر حال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، اور پاکستان و ترکی کی دوستی دنیا کے بہترین تعلقات میں شمار ہوتی ہے۔