نیویارک : اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ میں جاری ظلم فوری طور پر روکا جائے اور وہاں مستقل، غیر مشروط جنگ بندی کی جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ فلسطینیوں کو ان کے گھروں سے نکالنا کسی صورت قابل قبول نہیں، اور غزہ کا محاصرہ اب ختم ہونا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں بھوک کو ہتھیار کے طور پر استعمال کیا گیا، جو انتہائی افسوسناک ہے۔
عاصم افتخار نے کہا کہ اسپتالوں اور طبی عملے پر حملے کیے گئے، جبکہ ہزاروں بچے اور مائیں علاج کے انتظار میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو بھی دنیا کے دیگر لوگوں کی طرح امن سے جینے کا حق حاصل ہے، اور غزہ کی دوبارہ آبادکاری اور تعمیر نو کے عمل کو بھرپور سپورٹ دی جانی چاہیے۔
اس موقع پر اقوام متحدہ کے ریلیف چیف نے بھی غزہ کی صورتحال پر بریفنگ دی، اور خبردار کیا کہ غزہ میں قحط کی حالت بہت تشویشناک ہو چکی ہے، اور فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔