راولپنڈی پاکستان کی سکیورٹی فورسز نے سرحد پار سے ہونے والے ڈرون حملوں کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بناتے ہوئے دشمن کی ناپاک کوشش خاک میں ملا دی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق افغان طالبان کی جانب سے 13 مارچ کو پاکستان کے مختلف شہروں کو نشانہ بنانے کی کوشش کی گئی، جسے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا گیا۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق، افغان طالبان نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان پر ڈرون حملے کیے، تاہم سکیورٹی فورسز نے ان ڈرونز کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی مار گرایا۔ ڈرونز کے ملبے کی زد میں آکر کوئٹہ میں 2 بچے جبکہ کوہاٹ اور راولپنڈی میں ایک ایک شہری زخمی ہوا۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ان حملوں کا واحد مقصد پاکستانی عوام میں خوف و ہراس پھیلانا تھا۔ ترجمان نے واضح کیا کہ سکیورٹی فورسز ملک کی سرحدوں اور عوام کے تحفظ کے لیے پوری طرح چوکس ہیں اور کسی بھی قسم کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیں۔
اس واقعے کے بعد ملک بھر کے حساس مقامات اور سرحدی علاقوں میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔ دفاعی ماہرین اسے خطے کی سکیورٹی صورتحال میں ایک سنگین تبدیلی قرار دے رہے ہیں۔