اسلام آباد: وزیرِاعظم شہباز شریف نے چینی ذخیرہ اندوزوں اور قیمتوں میں مصنوعی اضافے کرنے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ وزیرِاعظم کی زیرِ صدارت چینی کی رسد، کھپت اور قیمتوں کے بارے میں جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزرا، متعلقہ حکام اور صوبوں کے چیف سیکریٹریز نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس میں وزیرِاعظم کو چینی کی رسد، قیمتوں اور مارکیٹ میں اس کی دستیابی کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ چینی کی ذخیرہ اندوزی اور قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے ملوث افراد کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا، اور ایسے عناصر کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کا استحصال کرنے والے مافیا کے خلاف سخت اقدامات کیے جائیں گے اور عوام کو چینی کی مقررہ قیمت پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔ وزیرِاعظم نے حکام کو ہدایت کی کہ وہ شوگر ملوں کے ساتھ رابطے میں رہیں اور چینی کی رسد و کھپت پر کڑی نظر رکھیں۔
وزیرِاعظم نے تمام صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو ہدایت کی کہ وہ چینی کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور اس کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فوری طور پر اقدامات کریں، تاکہ رمضان کے مہینے میں عوام کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔