اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی مسائل کے حل کے لیے کثیرالجہتی نظام کو مضبوط بنانے اور اقوام متحدہ کے فعال و مؤثر کردار کے حوالے سے پاکستان کے پختہ عزم کا ایک بار پھر اظہار کیا ہے۔
یہ اظہارِ خیال انہوں نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے منصب کی امیدوار مشیل بیچلیٹ سے اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات کے دوران کیا، جہاں دونوں شخصیات کے درمیان عالمی امور اور باہمی دلچسپی کے مختلف موضوعات پر گفتگو ہوئی۔
وزیراعظم نے اس موقع پر کہا کہ اقوام متحدہ کے منشور میں درج مقاصد اور اصولوں کی پاسداری عالمی امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی معاہدوں پر مکمل اور مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ عالمی سطح پر انصاف، امن اور قانون کی حکمرانی کو فروغ مل سکے۔
شہباز شریف نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اقوام متحدہ کو اپنے تین بنیادی شعبوں، یعنی امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق، میں یکساں پیش رفت کو یقینی بنانا چاہیے تاکہ دنیا کو درپیش موجودہ چیلنجز سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔
انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ باہمی تعاون کو مزید وسعت دی جائے اور عالمی ترقیاتی اہداف کی تکمیل کے لیے مشترکہ اقدامات میں تیزی لائی جائے۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان ایک مضبوط، مؤثر اور نتیجہ خیز اقوام متحدہ کا حامی ہے، جو بین الاقوامی مسائل کے حل میں مرکزی اور قائدانہ کردار ادا کرے۔