Wed, September 16, 2026

روس کو 50 دن میں یوکرین سے امن معاہدہ کرنے کی مہلت، بصورتِ دیگر سخت تجارتی پابندیوں کا سامنا ہوگا: ٹرمپ

روس کو 50 دن میں یوکرین سے امن معاہدہ کرنے کی مہلت، بصورتِ دیگر سخت تجارتی پابندیوں کا سامنا ہوگا: ٹرمپ

واشنگٹن : امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کو تنبیہ کی ہے کہ اگر آئندہ پچاس دن کے اندر یوکرین کے ساتھ امن معاہدہ نہ ہوا تو روسی اشیاء پر 100 فیصد اضافی ٹیکس عائد کر دیا جائے گا۔

صدر ٹرمپ نے یہ بات نیٹو کے سیکریٹری جنرل مارک روٹے سے وائٹ ہاؤس میں ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران کہی۔ انہوں نے کہا کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے طرز عمل سے خوش نہیں کیونکہ ان کے مطابق، پیوٹن کو کافی پہلے یوکرین سے جنگ بندی کا معاہدہ کر لینا چاہیے تھا۔

انہوں نے مزید کہا:

"روس کے پاس اب صرف 50 دن باقی ہیں۔ اگر اس مدت میں امن معاہدے پر پیش رفت نہ ہوئی تو ہم روسی درآمدات پر سخت اقتصادی اقدامات کریں گے۔"
صدر ٹرمپ نے اس موقع پر اعلان کیا کہ امریکہ یوکرین کو پیٹریاٹ میزائل دفاعی نظام فراہم کرے گا تاکہ یوکرین روسی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع مضبوط بنا سکے۔

ان کا کہنا تھا:

"ہم چاہتے ہیں کہ یوکرین اپنے دفاع میں مضبوط ہو، اور اس مقصد کے لیے پیٹریاٹ سسٹم کی فراہمی ضروری ہے۔"
ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ عالمی سطح پر پرامن تعلقات قائم رکھنے کے لیے تجارتی سفارت کاری ایک مؤثر ذریعہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ:

"ہم نے پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کو کم کیا، جو کہ ایک ممکنہ جوہری تصادم کی شکل اختیار کر سکتی تھی۔"
انہوں نے بتایا کہ امریکہ یورپی یونین اور دیگر شراکت داروں کے ساتھ تجارتی محصولات پر مذاکرات کے لیے تیار ہے اور اس حوالے سے یورپی وفد جلد امریکہ کا دورہ کرے گا۔

یاد رہے کہ حال ہی میں صدر ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ یکم اگست سے یورپی یونین اور میکسیکو سے درآمد کی جانے والی اشیاء پر 30 فیصد اضافی تجارتی محصولات عائد کیے جائیں گے۔

ٹیگز: