Wed, September 16, 2026

گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب، پانی کی سطح میں اضافہ جاری

گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب، پانی کی سطح میں اضافہ جاری

کشمور: دریائے سندھ میں مون سون بارشوں کے باعث کشمور کے علاقے میں گڈو بیراج پر پانی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔ محکمہ آبپاشی نے پانی کی آمد میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے درمیانے درجے کے سیلاب کا اعلان کیا ہے۔

کنٹرول روم کے اعداد و شمار کے مطابق گڈو بیراج پر پانی کی آمد 3 لاکھ 55 ہزار 283 کیوسک اور اخراج 3 لاکھ 15 ہزار 558 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پانی کی سطح میں 13 ہزار 190 کیوسک کا اضافہ ہوا ہے۔ محکمہ ایریگیشن کا کہنا ہے کہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران پانی کی سطح میں مزید اضافے کی توقع  ہے۔

دوسری جانب، ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور، اوکاڑہ، بہاولنگر، منچن آباد اور رینالہ خورد سمیت کئی علاقوں میں موسلادھار بارشوں کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، سندھ، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔

شہریوں کو سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں احتیاط برتنے اور حکام کی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ٹیگز: