شکارپور: سندھ کے حلقہ پی ایس 9 شکارپور میں ضمنی انتخاب کا آغاز ہو گیا ہے، جس کے لیے سخت سکیورٹی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق، پولنگ صبح 8 بجے شروع ہو کر شام 5 بجے تک بغیر کسی وقفے کے جاری رہے گی۔
اس انتخاب میں پیپلز پارٹی کے آغا شہباز خان درانی، جمعیت علمائے اسلام کے مولانا رشد اللہ شاہ سمیت 8 امیدوار میدان میں ہیں۔ یہ نشست پیپلز پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی آغا سراج درانی کے انتقال کے باعث خالی ہوئی تھی۔
حکام کے مطابق، اس حلقے میں 2 لاکھ 77 ہزار 792 رجسٹرڈ ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں 1 لاکھ 48 ہزار 310 مرد اور 1 لاکھ 29 ہزار 482 خواتین شامل ہیں۔ حلقے میں 178 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، جن میں سے 54 کو انتہائی حساس اور 84 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔
صوبائی الیکشن کمشنر سندھ، اعجاز انور چوہان نے متعلقہ اداروں کو ہدایات دیں ہیں کہ ضمنی انتخاب کو آزاد، منصفانہ اور پُرامن طریقے سے یقینی بنایا جائے۔ سکیورٹی کے حوالے سے تمام احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔