ممبئی: مشہور مزاحیہ اداکار راجپال یادیو نے ایک حالیہ گفتگو میں انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے فلم اوم شانتی اوم میں کام کرنے سے متعلق پیشکش کو قبول کیوں نہیں کیا تھا۔
ان کے مطابق فلم کی پروڈکشن بابی چاؤلہ کے ذمہ تھی، جنہوں نے انہیں شاہ رخ خان سے ملاقات کا کہا تھا۔ بعد ازاں یہ غلط فہمی پھیل گئی کہ راجپال یادیو نے مصروفیات کے باعث فلم سے انکار کر دیا ہے، جبکہ حقیقت میں انہیں اس بارے میں مکمل معلومات نہیں تھیں۔
اداکار نے وضاحت کی کہ یہ صرف ایک غلط فہمی تھی جس کی وجہ سے ان کے بارے میں منفی تاثر قائم ہوا، تاہم بعد میں یہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو گیا۔
انہوں نے بتایا کہ فلم بلو کی شوٹنگ کے دوران شاہ رخ خان نے انہیں گلے لگا کر اس غلط فہمی کا خاتمہ کیا۔
راجپال یادیو نے شاہ رخ خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ہمہ جہت اداکار ہیں جنہوں نے تھیٹر، ٹیلی ویژن اور فلم ہر شعبے میں اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے۔
اداکار نے یہ بھی بتایا کہ فلم بلو میں انہوں نے “بدبدیا” کا کردار نبھایا تھا، تاہم بعد میں انہیں اس کردار سے ہٹا کر عرفان خان کو شامل کیا گیا۔
واضح رہے کہ راجپال یادیو اس وقت اپنی آنے والی فلم بھوت بنگلہ کی تیاریوں میں مصروف ہیں، جو 17 اپریل کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔