Wed, September 16, 2026

پاکستان کی 'ثالثی سفارت کاری' کا عالمی اعتراف؛ برطانوی پارلیمنٹ اور ہائی کمشنر کی جانب سے اسحاق ڈار کو خراجِ تحسین

پاکستان کی 'ثالثی سفارت کاری' کا عالمی اعتراف؛ برطانوی پارلیمنٹ اور ہائی کمشنر کی جانب سے اسحاق ڈار کو خراجِ تحسین

اسلام آباد : مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مخلصانہ کردار کو بین الاقوامی سطح پر بڑی پذیرائی مل رہی ہے۔ برطانوی پارلیمنٹ کے بعد اب پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے بھی نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار کی سفارتی کوششوں کا باقاعدہ اعتراف کیا ہے۔
برطانوی پارلیمنٹ کے رکن رائٹ آنریبل محمد افضل ایم پی نے ہاؤس آف کامنز میں خطاب کرتے ہوئے پاکستان کو خطے میں امن لانے والا "قائدانہ ملک" قرار دیا۔ انہوں نے برطانوی وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ برطانیہ کو مشرقِ وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے پاکستان کی ان کوششوں کی بھرپور حمایت کرنی چاہیے۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی جانب سے اس پارلیمانی کارروائی کو سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے کے بعد، برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے اسے ری ٹویٹ کرتے ہوئے برطانوی حکومت کے موقف کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان نے فریقین کو قریب لانے اور جنگ بندی کے لیے سازگار حالات پیدا کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔جین میریٹ نے خاص طور پر اسحاق ڈار کی سفارتی بصیرت کو سراہا اور اپنے پیغام کا اختتام اردو میں "بہت شکریہ" لکھ کر کیا۔


سفارتی ماہرین کا کہنا ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ اور ہائی کمشنر کی جانب سے یہ توثیق اسحاق ڈار اور موجودہ قیادت کی "ثالثی سفارت کاری" کی بڑی کامیابی ہے۔ یہ اعتراف ناصرف پاکستان کے بین الاقوامی وقار میں اضافے کا باعث ہے بلکہ عالمی طاقتوں کے ساتھ پاکستان کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

ٹیگز: