اسلام آباد: پاکستان کی مشرقِ وسطیٰ میں امن بحالی کی کوششوں کو بڑی عالمی تائید حاصل ہو گئی ہے۔ فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کو فون کر کے ایران اور امریکا کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کی تعریف کی اور اسلام آباد امن مذاکرات کی مکمل حمایت کا اعلان کیا۔
ٹیلیفونک رابطے کے دوران صدر میکرون نے وزیراعظم کو ایران امریکا کشیدگی کم کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر عالمی امن کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے اسلام آباد میں جاری امن عمل کے لیے اپنی نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور اسے خطے کے استحکام کے لیے ناگزیر قرار دیا۔
دونوں رہنماؤں نے لبنان کی حالیہ صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی۔ وزیراعظم شہباز شریف اور صدر میکرون نے لبنان پر جاری حملوں اور انسانی جانوں کے ضیاع پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ تشدد اور خونریزی کا سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے فرانس کی جانب سے پاکستان کی کاوشوں کی پذیرائی پر صدر میکرون کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کو دہرایا کہ پاکستان عالمی امن کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔ دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے معاملات پر مستقبل میں بھی قریبی رابطے میں رہنے اور سفارتی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔