Wed, September 16, 2026

پی ایس ایل 11: پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 24 رنز سے ہرادیا

پی ایس ایل 11: پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 24 رنز سے ہرادیا

کراچی: پاکستان سپر لیگ کے میچ میں پشاور زلمی نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے مضبوط حریف ملتان سلطانز کو چوبیس رنز سے شکست دے دی۔

کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے مقابلے میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ پشاور زلمی نے مقررہ بیس اوورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو چھیانوے رنز بنائے۔

محمد حارث نے برق رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے صرف سترہ گیندوں پر اڑتیس رنز بنائے۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد کوشل مینڈس نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے چالیس گیندوں پر اڑسٹھ رنز کی بہترین اننگز کھیلی۔

دیگر کھلاڑیوں میں فرحان یوسف نے تیس، کپتان بابر اعظم نے اٹھارہ، مائیکل بریسویل نے چودہ اور افتخار احمد نے دس رنز اسکور کیے۔

ملتان سلطانز کی جانب سے محمد اسماعیل اور پیٹر سڈل نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد نواز اور محمد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو پویلین واپس بھیجا۔

ایک سو ستانوے رنز کے تعاقب میں ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو بہتر رنز بنا سکی۔ اسٹیو اسمتھ نے اکتیس، جوش فلیپی نے بتیس اور شان مسعود نے پینتیس رنز کی اننگز کھیلیں لیکن ٹیم کو کامیابی نہ دلا سکے۔

پشاور زلمی کی جانب سے صفیان مقیم نے تین وکٹیں حاصل کر کے ٹیم کی فتح میں نمایاں کردار ادا کیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، جبکہ ناہید رانا اور افتخار احمد نے دو دو وکٹیں اپنے نام کیں۔
 
 
 
 
 
 
 

ٹیگز: