کراچی : گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ حکومت ملکی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے کارپوریٹ سیکٹر کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک کو مہنگائی اور بیرونی ادائیگیوں جیسے بڑے مسائل کا سامنا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر بہتر ضرور ہوئے ہیں لیکن ابھی مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ جمیل احمد نے بتایا کہ ایکسچینج ریٹ مارکیٹ کے حساب سے کم ہو رہا ہے اور اس دوران کئی سخت فیصلے بھی لیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ درآمدی ایل سیز کے 11 ہزار تاخیر زدہ کیسز حل کر دیے گئے ہیں، اور اب مہنگائی میں بھی آہستہ آہستہ کمی دیکھنے کو مل رہی ہے، جو کہ مانیٹری پالیسی کے مطابق ہے۔ گورنر نے زور دیا کہ معیشت کی ترقی کے لیے نجی شعبے کے ساتھ مل کر کام کرنا ہوگا، اور سٹاک ایکسچینج کے تعاون سے ترقیاتی شعبے میں بھی کام ہو رہا ہے۔