Wed, September 16, 2026

شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے پر دستخط، وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں

شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے پر دستخط، وزیراعظم شہباز شریف کی عالمی رہنماؤں سے اہم ملاقاتیں

شرم الشیخ :مصر کے شہر شرم الشیخ میں غزہ امن معاہدے پر دستخط کی ایک تاریخی تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف سمیت امریکہ، ترکیہ، بحرین، سعودی عرب اور دیگر اہم ممالک کے رہنماؤں نے شرکت کی۔

تقریب کے دوران وزیراعظم شہباز شریف اور فلسطینی صدر محمود عباس کے درمیان اہم ملاقات ہوئی، جس میں دونوں رہنماؤں نے غزہ میں جنگ بندی پر اطمینان کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے غزہ کے عوام کی جدوجہد، ہمت اور بہادری کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔ فلسطینی صدر نے پاکستان کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کیا۔

ملاقات میں بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ بھی شریک تھے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی اس موقع پر کئی دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقاتیں ہوئیں، جن میں آذربائیجان اور انڈونیشیا کے صدور، جرمنی، اسپین، آرمینیا اور اٹلی کے وزرائے اعظم شامل تھے۔ ملاقاتوں میں باہمی تعلقات، علاقائی تعاون اور فلسطین کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

وزیراعظم کی سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ملاقات ہوئی، جس میں امت مسلمہ کے اتحاد اور مسئلہ فلسطین پر مشاورت کی گئی۔

علاوہ ازیں، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ انہوں نے اسرائیلی اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی کے اقدام کو سراہا اور فریقین کے درمیان امن کی کوششوں کو خوش آئند قرار دیا۔

ٹیگز: