Wed, September 16, 2026

سہیل آفریدی خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے

سہیل آفریدی خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے

پشاور: پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار سہیل آفریدی 90 ووٹ لے کر خیبر پختونخوا کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہو گئے ہیں۔ اسمبلی کا اجلاس سپیکر بابر سلیم سواتی کی زیر صدارت ہوا، جس میں علی امین گنڈاپور نے خطاب کیا اور سہیل آفریدی کو وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد دی۔

اجلاس میں گورنر کے فیصلے پر بھی بحث ہوئی، جب سپیکر نے علی امین گنڈاپور کے استعفیٰ کی آئینی حیثیت پر بات کی۔ بابر سلیم سواتی نے کہا کہ علی امین کا استعفیٰ آئین کے مطابق تھا اور پی ٹی آئی کے چیئرمین نے سہیل آفریدی کو نامزد کیا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ ہمیشہ قانون کی بالادستی کی بات کرتے ہیں اور اس موقع پر سہیل آفریدی کو پیشگی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے جب اقتدار سنبھالا، تو مالی مشکلات تھیں لیکن اس کے باوجود عوامی ترقیاتی منصوبے جاری رکھے گئے۔

دوسری جانب، اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد اللہ نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کا استعفیٰ ابھی تک منظور نہیں ہوا، اس لیے وزیراعلیٰ کا انتخاب غیر قانونی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ عمل غیر آئینی ہے اور اپوزیشن اس کا حصہ نہیں بنے گی۔

سپیکر بابر سلیم سواتی نے اس معاملے پر اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کہا کہ نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب آئین کے مطابق ہو گا۔ اجلاس کے دوران کچھ شور شرابہ بھی ہوا، جس پر سپیکر نے گیلری میں موجود افراد کو خاموش رہنے کی درخواست کی، ورنہ کارروائی روک کر انہیں باہر نکال دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ اس انتخابات میں پی ٹی آئی کے علاوہ جے یو آئی کے مولانا لطف الرحمان، پیپلز پارٹی کے ارباب زرک، اور ن لیگ کے سردار شاہ جہان بھی امیدوار تھے، تاہم اپوزیشن کی طرف سے کسی ایک امیدوار پر اتفاق نہیں ہو سکا تھا۔

ٹیگز: