Wed, September 16, 2026

موسیقی کے بادشاہ، استاد نصرت فتح علی خان کی 77ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

 موسیقی کے بادشاہ، استاد نصرت فتح علی خان کی 77ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

لاہور : آج دنیائے موسیقی کے بادشاہ، استاد نصرت فتح علی خان کی 77ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔ 1948 میں فیصل آباد میں پیدا ہونے والے نصرت فتح علی خان نے اپنی آواز اور فن سے پوری دنیا میں اپنی پہچان بنائی۔

قوالی کے ساتھ ساتھ استاد نصرت نے غزلوں، گیتوں اور کلاسیکل موسیقی میں بھی کمال دکھایا۔ ان کی آواز میں ایسا سحر تھا کہ سننے والے روحانی سکون محسوس کرتے۔ قوالی کو انہوں نے مغربی موسیقی کے رنگوں سے سجایا اور اسے عالمی سطح پر متعارف کرایا۔ ان کی مشہور قوالی ’دم مست قلندر‘ نے دنیا بھر میں تہلکہ مچا دیا اور آج بھی لوگوں کے دلوں میں زندہ ہے۔

نصرت فتح علی خان کے 125 البمز ریلیز ہوئے، جنہیں عالمی سطح پر بے پناہ پذیرائی ملی۔ ان کی موسیقی کے سفر نے انہیں گنیز بک آف دی ورلڈ ریکارڈ میں شامل کروا دیا اور ٹائم میگزین نے 2006 میں انہیں ایشین ہیروز کی فہرست میں شامل کیا۔

استاد نصرت فتح علی خان نے کئی مشہور شعراء کے کلام کو اپنی آواز دی اور اپنے گانے عالمی سطح پر سنے گئے۔ ان کی آواز نے عالمی فیسٹیولز میں دھوم مچائی، اور وہ قوالی کے ذریعے مشرق اور مغرب کے درمیان ایک موسیقی کا پل بن گئے۔

پاکستانی موسیقی کے اس عظیم ستارے نے پرائیڈ آف پرفارمنس سمیت کئی اعزازات جیتے، اور اپنی موسیقی کے ذریعے دنیا بھر میں اپنے چاہنے والوں کے دلوں میں جگہ بنائی۔ 16 اگست 1997 کو 48 سال کی عمر میں گردوں کی بیماری کی وجہ سے ان کا انتقال ہوگیا، لیکن ان کی آواز اور موسیقی آج بھی ہمارے دلوں میں زندہ ہے۔

ٹیگز: