Wed, September 16, 2026

علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

علیمہ خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

راولپنڈی :انسداد دہشت گردی عدالت نے 26 نومبر کے احتجاج کے کیس میں علیمہ خان کے 10 ویں بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔ عدالت کے جج امجد علی شاہ نے سماعت کے دوران علیمہ خان کی غیر حاضری پر یہ فیصلہ کیا۔

آج کی سماعت میں علیمہ خان پھر عدالت میں پیش نہیں ہوئیں، تاہم دیگر ملزمان کی حاضری کے بعد انہیں واپس روانہ کر دیا گیا۔ مقدمے کے 10 دوسرے ملزمان عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے علیمہ خان کو گرفتار کر کے 17 نومبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔ اس کے ساتھ ہی عدالت نے علیمہ خان کی اسلام آباد اور پنجاب میں موجود پراپرٹی کی تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔

اس کے علاوہ، عدالت نے بینک اکاؤنٹس منجمند نہ کرنے پر دو بینک منیجرز کو شوکاز نوٹس بھی جاری کیے۔ یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت نے پہلے بھی علیمہ خان کے 9 بار وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے اور انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔

علیمہ خان کے وکیل، فیصل ملک نے کہا کہ علیمہ خان آج بھی عدالت میں پیش نہیں ہوں گی اور وہ مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات کو چیلنج کر چکے ہیں، کیونکہ ان کے مطابق یہ کیس دہشت گردی کے تحت نہیں آتا۔

ٹیگز: