Wed, September 16, 2026

حکومت کا معیشت کو استحکام سے ترقی کی طرف لے جانے کا عزم، برآمدات اور اصلاحات پر زور

حکومت کا معیشت کو استحکام سے ترقی کی طرف لے جانے کا عزم، برآمدات اور اصلاحات پر زور

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملکی معیشت درست سمت میں گامزن ہے اور حکومت معاشی استحکام سے ترقی کی جانب بڑھنے کے ہدف پر کام کر رہی ہے۔

پوسٹ بجٹ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجٹ میں برآمدات کے فروغ اور ٹیکس نظام میں اصلاحات کو ترجیح دی گئی ہے، جبکہ 70 ارب روپے کی اضافی سبسڈی بھی فراہم کی گئی ہے۔

وزیر خزانہ نے کہا کہ حکومت برآمدات پر مبنی معاشی ترقی کے ماڈل پر یقین رکھتی ہے اور اس سال اس حوالے سے نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔ ان کے مطابق آئی ٹی برآمدات 4 ارب 50 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کی توقع ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور وزیراعظم کی سطح پر سپر ٹیکس کے خاتمے پر اتفاق پایا جاتا ہے، جبکہ تعمیراتی شعبہ بھی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔

محمد اورنگزیب کے مطابق زرعی شعبے کے لیے قرضوں کی فراہمی کا حجم 20 ارب روپے سے تجاوز کر چکا ہے اور اس شعبے میں ویلیو ایڈڈ مصنوعات پر ٹیکسز ختم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کی کوشش کی گئی ہے، جبکہ کسٹمز کے نظام کی ڈیجیٹلائزیشن سے شفافیت میں اضافہ ہوگا اور صوابدیدی اختیارات میں کمی آئے گی۔

اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم کی معاشی ٹیم نے عوام دوست بجٹ پیش کیا ہے اور ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن سے نظام میں شفافیت آئے گی۔

وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا کہ یہ بجٹ تمام طبقات کے لیے ریلیف پر مبنی ہے اور اس کی تیاری میں کاروباری برادری اور چیمبرز سے مشاورت کی گئی ہے۔

ٹیگز: