Wed, September 16, 2026

بیٹری کے لیے خطرناک: روزانہ فل چارج کرنا نقصان دہ قرار

کیلیفورنیا :ماہرین کا کہنا ہے کہ موبائل فون کی بیٹری کو روزانہ 100 فیصد تک چارج کرنا اس کی عمر پر منفی اثر ڈال سکتا ہے اور بیٹری جلدی خراب ہو سکتی ہے۔

پین اسٹیٹ یونیورسٹی کے الیکٹرو کیمیکل انجینئرنگ سینٹر کے سربراہ چاؤ یانگ وانگ نے بتایا ہے کہ موبائل فون کی بیٹری کو مکمل چارج پر رکھنا اس کی کارکردگی کو نقصان پہنچاتا ہے اور مسلسل 100 فیصد چارج کرنے سے بیٹری کی مدت 10 سے 15 فیصد کم ہو جاتی ہے۔

نیو جرسی انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر دیباکر دتا کا کہنا ہے کہ بیٹری کو مکمل چارج کرنے سے وہ ہائی وولٹیج پر رہتی ہے جو نقصان دہ ہے۔ انہوں نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ بیٹری کو مکمل طور پر خالی نہ کریں بلکہ جب بیٹری کی طاقت 20 فیصد ہو تو اسے چارج کرنا شروع کریں۔

چاؤ یانگ وانگ نے کہا کہ اگر سفر یا کسی خاص موقع پر بیٹری کی ضرورت ہو تو 100 فیصد چارج کرنا درست ہے، لیکن روزمرہ استعمال کے لیے بہتر ہے کہ بیٹری کو 85 سے 90 فیصد کے درمیان چارج رکھا جائے۔

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ زیادہ گرم ماحول میں بیٹری کو مکمل چارج کرنا خاص طور پر نقصان دہ ہو سکتا ہے، کیونکہ فاسٹ چارجنگ سے بیٹری میں حرارت پیدا ہوتی ہے جو اس کی عمر کو کم کر دیتی ہے۔

 
 

ٹیگز: