Wed, September 16, 2026

ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے: نواز شریف

 ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے: نواز شریف

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیرِاعظم نواز شریف نے ایران پر اسرائیلی حملے کو وحشیانہ جارحیت قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایران کی خودمختاری کی کھلم کھلا خلاف ورزی کی گئی ہے، اور پاکستان اس آزمائش کی گھڑی میں ایرانی عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

نواز شریف نے یہ ردعمل سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابق ٹوئٹر) پر جاری اپنے بیان میں دیا۔ انہوں نے کہا:

"ہم ایران کے خلاف اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ یہ ایران کی خودمختاری کی صریح خلاف ورزی ہے۔ ہم اس نازک وقت میں ایرانی عوام کے ساتھ غیرمتزلزل یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ معصوم انسانی جانوں کے ضیاع پر دل دکھی ہے اور ہم ان کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

نواز شریف کا بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب آج صبح اسرائیل نے ایران کے مختلف شہروں میں فضائی حملے کیے، جن میں متعدد فوجی اور جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ حملوں میں اطلاعات کے مطابق چھ سائنسدانوں سمیت کئی اعلیٰ ایرانی حکام شہید ہو چکے ہیں۔

پاکستان کی دیگر سیاسی جماعتوں اور مذہبی حلقوں نے بھی اسرائیلی جارحیت کی مذمت کرتے ہوئے ایران کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

ٹیگز: