اسلام آباد:وزیر دفاع خواجہ آصف نے پی ٹی آئی کے بانی کے حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ سیاسی احتجاج اور اظہار رائے ہر شہری کا حق ہے، لیکن پاکستان کی سرزمین، فوج اور قومی غیرت کے خلاف بیانات برداشت نہیں کیے جائیں گے۔
خواجہ آصف نے واضح کیا کہ فوج اور اس کے سربراہ کے خلاف سخت زبان استعمال کرنے والے بیانات پر جواب بھی اسی سے زیادہ سخت دیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا، "احتجاج کریں، سب کچھ کریں، لیکن پاکستان کی اہمیت اور غیرت کو نہ لکاریں۔"
وزیر دفاع نے یہ بھی کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کا بھارتی میڈیا پر بولنا پاکستان کے حق میں نہیں اور ایسا رویہ کسی پاکستانی کے لیے قابل قبول نہیں۔ انہوں نے مزید وضاحت کی کہ ماضی میں بھی فوج پر تنقید کی گئی، مگر کبھی سرخ لکیر عبور نہیں کی گئی۔