دبئی: نوجوان انٹرنیٹ سنسیشن اور مشہور گلوکار عبدو روزِق کو دبئی ایئرپورٹ پر اس وقت حراست میں لے لیا گیا جب وہ مونٹی نیگرو سے واپس متحدہ عرب امارات پہنچے۔ انہیں صبح تقریباً پانچ بجے سیکیورٹی اداروں نے اپنی تحویل میں لیا، تاہم حکام کی طرف سے گرفتاری کی وجوہات سے متعلق کوئی سرکاری بیان جاری نہیں کیا گیا۔
ابدو روزِق سے وابستہ ایک کمپنی کے نمائندے نے خلیج ٹائمز کو بتایا کہ ’’ہمیں صرف اتنی اطلاع ملی ہے کہ اُنہیں چوری سے متعلق الزامات کی بنیاد پر حراست میں لیا گیا ہے، فی الوقت اس بارے میں مزید کچھ کہنا ممکن نہیں۔‘‘
ابدو روزِق، جنہیں ان کے قد میں کمی کے باعث منفرد پہچان حاصل ہے، عرب دنیا کے معروف نوجوان فنکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ وہ کئی برسوں سے دبئی میں رہائش پذیر ہیں اور یو اے ای گولڈن ویزا کے حامل ہیں۔ شہرت انہیں سوشل میڈیا پر مزاحیہ اور موسیقی پر مبنی ویڈیوز کے ذریعے حاصل ہوئی، جبکہ وہ بھارت کے مشہور ریئلٹی شو بگ باس 16 کا بھی حصہ رہ چکے ہیں۔
2024 میں انہوں نے دبئی کے مشہور کوکا کولا ایرینا میں اپنا پہلا باکسنگ میچ لڑا، اور اسی سال برطانیہ میں اپنے ریستوران حبیبی کا آغاز بھی کیا۔ اس کے علاوہ، اسی سال بھارت میں ایک مالیاتی اسکینڈل سے متعلق تفتیش کے دوران انہیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے طلب کیا تھا، تاہم وہ اس کیس میں نامزد نہیں تھے۔
ابدو روزِق کی موجودہ قانونی پوزیشن سے متعلق مزید تفصیلات سامنے آنا ابھی باقی ہیں۔